پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی جیل میں شاہ محمود سے ملاقات، پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش
پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی جیل میں شاہ محمود سے ملاقات، پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کو پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سمجھتے ہیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھے گی، 25کروڑ عوام کو نواز شریف اور آصف زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا، نہ ہی عوام کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے چھوڑا جاسکتا، اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ جو کچھ ہوا ہماری اجتماعی ذمہ داری تھی کہ نہ ہوتا، اپنے بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی فواد چوہدری، عامرکیانی، عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے پارٹی اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔