جس نے نواز شریف کی سیاست ختم کرنےکا منصوبہ بنایا وہ جماعت کرچی کرچی ہو گئی: مریم
جس نے نواز شریف کی سیاست ختم کرنےکا منصوبہ بنایا وہ جماعت کرچی کرچی ہو گئی: مریم
مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، وہ جس بنکر میں بھی چھپ کر بیٹھے قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا 9 مئی کو جو ہوا اس سے شہدا کے وارثوں کی آنکھوں میں آنسو آئے، جس نے شہدا سے یہ سلوک کیا قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شہداکی یادگاروں کو آگ لگائے کیا وہ ہم میں سے ہو سکتا ہے؟ کوئی جتنا بھی مخالف ہو ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا، کشمیری بھائی اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا وہ جماعت جہاں سے آئی تھی وہاں چلی گئی، آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف گواہی دے رہا ہے، آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم کہتا ہے 9 مئی کا پلان اس نے بنایا تھا، جس نے نواز شریف کی سیاست ختم کرنےکا پلان بنایا وہ جماعت آج کرچی کرچی ہو گئی، جو کہتا تھا میں کلا ای کافی آں آج کلا ہی بیٹھا اے، مسلم لیگ ن کو ختم کرنے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے، مسلم لیگ ن آج بھی ہے، اور ان شاء اللہ کل بھی رہے گی۔