طوفانی ہوائیں: کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر، 8 پروازیں منسوخ
طوفانی ہوائیں: کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر، 8 پروازیں منسوخ
طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن متاثر ہوا اور 8 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
کراچی میں صبح سے اب تک مختلف ائیر لائنز کی 8 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ پی آئی اے کی رحیم یار خان کی پرواز پی کے 582 منسوخ جبکہ پی آئی اے اور نجی ائیر لائنز کی اسلام آباد، لاہور اور پشاور کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق نجی ائیر لائن کی پشاور اور ابوظبی کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز کو منسوخ کر کے کل کیلئے شیڈول کر دیا گیا۔
پی آئی اے کی رات 8 بجے کی اسلام آباد اور ملتان کی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی رات 10بجے کی پرواز ساڑھے 11بجے شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق مسقط کی پرواز کو بھی منسوخ کرکے کل شام 7 بجے شیڈول کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی سکھر کی پرواز پی کے 390 منسوخ کردی گئی۔ نجی ائیر لائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔
پی آئی اے کی لاہور کی پرواز پی کے 302 اور نجی ائیر لائن کی کراچی سے مدینہ کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نجی ائیر لائن کی کراچی سے کوئٹہ کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا تھا کہ طوفان کے باعث چھوٹے جہازبند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور طوفان کے قریب پہنچتے ہی کمرشل فلائٹس کوبھی روک دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ پاکستان اور بھارت کے ساحل کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، بھارتی ریاست گجرات کے ساحلوں سے طوفان کے ٹکرانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
طوفان کا مرکزی حصہ آج رات کسی وقت بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جاکھاؤ پورٹ سے ٹکرائے گا جہاں طوفان کے اثرات نمایاں ہیں، سمندر میں طغیانی ہے اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سمندری طوفان کا کچھ حصہ پاکستانی ساحلی علاقے کیٹی بندر سے بھی ٹکرائے گا۔ طوفان کیٹی بندر سے تقریباً 120 کلو میٹر دور ہے۔