انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی مگر گرفتاری نہیں ہوسکی۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اس کے علاوہ حماد اظہر، میاں اسلم اقبال اور دیگر کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں کنٹینرجلانے اور تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کے دفتر پر حملے کا کیس درج ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا تھا۔
اس کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا اور قومی سلامتی کمیٹی نے اس فیصلے کی توثیق کی تھی۔