ہمارے آقا و مولا ﷺ محسنِ اعظمِ انسانیت بن کر تشریف لائے ،پیر محمدنقیب الرحمن
راولپنڈی (بیوروچیف ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے آقا و مولا ﷺ محسنِ اعظمِ انسانیت بن کر تشریف لائے اور قیامت تک آنے والی انسانیت کے لئے تعلیماتِ نبوی ﷺ بہترین تعلیم و تربیت کا سامان مہیا کرتی ہیںجن سے مزین ہو کر ہم اپنی دنیوی و اخروی زندگی سنوار سکتے ہیں اور اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھ سکتے ہیں
۔جب ایک صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضور نبی رحمت ﷺ کی خدمتِ اقدس میں عرض کی کہ اے اللہ کے رسول ﷺ قیامت کب آئے گی تو آپ ﷺ نے دریافت فرمایا کہ کیا آپ نے قیامت کی کچھ تیاری بھی کی ہے؟ تو انہوں نے عرض کی کہ میں اپنے کسی عمل کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ بارگاہِ الہی میں پیش کر سکوں لیکن میرا دل اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت سے سر شار ہے تو حضور نبی رحمت ﷺ نے فرمایا کہ یہ آپ کے لئے بہت کافی ہے۔
انہی عظیم ترین تعلیماتِ نبوی ﷺ سے اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعٰین، تابعین، تبع تابعین، صلحاء و اتقیاء امت بہر آور ہوئے اور یہی نورانی تعلیماتِ نبوی ﷺ مخلوقِ خدا تک پہنچانا ، یاد کروانا اوران کا تزکیہ اور تربیت کرنا اللہ والوں کا کام ہے ۔ آج ہم اپنے نبی علیہ الصلوۃ والسلام کی نورانی تعلیمات سے دور ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے بد گمان، بد اخلاق، جھگڑالو اور ایک دوسرے کی عزتیں پامال کرنے لگ پڑے ہیں
جو ہمارے لئے اُخروی زندگی میں سرا سر خسارہ ہے اس کے برعکس اس دنیا کو آخرت کی کھیتی سمجھتے ہوئے ہم اپنی ہمیشہ کی زندگی کے لئے بہت کچھ اچھا سرمایہ جمع کر سکتے ہیں جو ہمیشہ ہمارے کام آئیگا۔ یہی اعلیٰ ترین تعلیماتِ نبوی ﷺ قیامت تک انسانیت کو ہدایت و رہنمائی فراہم کرتی رہیں گی
اور ان پر گامزن ہونے والے ہی حقیقی فلاح پائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔