اسمبلیاں اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کی جائیں، زرداری کی شہباز سے ملاقات میں تجویز
اسمبلیاں اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کی جائیں، زرداری کی شہباز سے ملاقات میں تجویز
وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی ملاقات میں الیکشن بروقت کروانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
لاہور میں آصف زرداری وزیرِ اعظم شہباز شریف کی رہائشگاہ پہنچے اور ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
آصف زرداری اور وزیراعظم کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی ون آن ون ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پرتفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں الیکشن بروقت کروانے پر اتفاق کیا اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن میں تاخیرکسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور شہبازشریف کی موجودہ اسمبلی کی مدت کے خاتمے پربھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے موجودہ اسمبلیوں کی مدت اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کرنے کی تجویز دی جس پر شہبازشریف نے دیگر اتحادیوں کوبھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ نگران وزیراعظم سابق بیوروکریٹ کے بجائے کسی سیاست دان کوبنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔