’عمران خان کو 9 مئی کے مقدمے میں نامزد کرنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے‘، 2 مقدمات میں ضمانت کا فیصلہ جاری
’عمران خان کو 9 مئی کے مقدمے میں نامزد کرنا بدنیتی ظاہر کرتا ہے‘، 2 مقدمات میں ضمانت کا فیصلہ جاری
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی کے واقعات پر تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج دو مقدمات میں ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید نے دونوں مقدمات کا 4، 4 صفحات پرمشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے کے متن کے مطابق پراسیکیوشن کو ثابت کرنا ہوگا عمران خان پر اکسانے کے الزام اور جرم کے درمیان تعلق ہے، پراسیکیوشن کو ثابت کرنا ہوگا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اکسانے سےجرم سرزد ہوا۔
فیصلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پراسکیوشن کے مطابق عمران خان کا ویڈیو بیان ہی ایک ثبوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان وقوعہ کے حوالے سے نہیں، ان کے بیان میں عوام کو اکسانے کےحوالے سےکچھ نہیں، پراسیکیوشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی متعدد ٹوئٹس بھی بطورثبوت پیش کیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو مقدمے میں نامزد کرنا پولیس کی بدنیتی پر مبنی مقاصد ظاہرکرتا ہے، پولیس عمران خان کو ہراساں کرنے کے سوا کوئی مقاصد نہیں چاہتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج دونوں مقدمات میں ضمانت کنفرم کی جاتی ہے۔