تحصیل حلیمزئی بابی خیل میں فریقین کے درمیان دشمنی ختم اور بھائی چارہ شروع
ضلع مہمند(افضل صافی سے)تحصیل حلیمزئی بابی خیل میں فریقین کے درمیان دشمنی ختم اور بھائی چارہ شروع۔ دشمنی میں تین افراد جانبحق جبکہ دو زخمی ہوچکے تھے۔ فریقین نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ آئندہ بھائیوں کی طرح زندگی گزارنے کا عہد کیا۔تفصیلات کے مطابق فریق اول ملک خائستہ گل (مرحوم) کے خاندان ملک خائستہ میر اور فریق دوم حاجی بخت میر خاندان کے درمیان زمین کے تنازعہ پر تین سال پہلے دشمنی پیدا ہوئی تھی
۔ جس میں فریقین سے 3 افراد جانبحق جبکہ دو زخمی ہوچکے تھے۔ جرگہ ممبران ملک زربادشاہ، حاجی عبد الرحمان،مولانا امیر اللہ جنیدی، مولانا امین الحق عرف صاحب حق، حاجی روح اللہ اور عرفان خان کے مسلسل کوششوں کی وجہ سے فریقین کو قبائلی رسم و رواج کے تحت راضی نامہ پر قائل کیا گیا۔
راضی نامہ کی تقریب میں مختلف تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے سیاسی اتحاد کے صدر سعید خان، ملک حاجی احمد خویزئی، پی پی پی کے وحید مومند، مولانا سمیع اللہ ایڈوکیٹ بشیر صافی اور ملک محمبر خان نے جرگہ کی کوششوں کو سراہا۔ فریقین سے مولانا عبد الحق نے قران مجید پرحلف لیا۔
فریقین شیر اعظم خان اور حاجی بخت میرخان نے بھی جرگہ ممبران کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فریقین جرگہ کے سامنے ایک دوسرے کے ساتھ بغلگیر ہوکر قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر آئندہ بھائیوں کی طرح زندگی گزارنے کا عہد کیا۔