خیبر پختونخوا کابینہ کے 19 اراکین نے استعفے نگران وزیراعلیٰ کو پیش کردیے
خیبر پختونخوا کابینہ کے 19 اراکین نے استعفے نگران وزیراعلیٰ کو پیش کردیے
پشاور: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے صوبائی کابینہ سے استعفے مانگ لیے۔
ذرائع کے مطابق غیر تسلی بخش کارکردگی پر خیبرپختونخوا کے نگران وزرا سے استعفے مانگےگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر نگران وزرا نے استعفے جمع بھی کروا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 19 کابینہ اراکین نے استعفے نگران وزیراعلیٰ کو پیش کردیے ہیں جب کہ 8 اراکین نے استعفے ابھی تک وزیراعلیٰ کے پاس جمع نہیں کرائے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد 21 جنوری 2023 کو اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے اسی روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
26 جنوری کو گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نگران کابینہ سے حلف لیا تھا۔
31 جولائی کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو کابینہ سے سیاسی وابستگی رکھنے والے وزرا کو ہٹانےکا کہا تھا۔
خط میں قرار دیا گیا کہ بعض وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کا رویہ نگران حکومت کی روح کے منافی ہے۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کو کم سے کم کریں۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانےکا حکم دیا تھا۔