دہشتگردوں، انکے سہولت کاروں اور اکسانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا: آرمی چیف
دہشتگردوں، انکے سہولت کاروں اور اکسانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور اکسانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ کے قریب شیروانگی کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شیروانگی میں گزشتہ روز 6 سپاہیوں نے دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کوموجودہ انٹیلی جنس اورانسداددہشتگردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی بریف کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقے میں تعینات افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افسران اور جوانوں کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ شہدا ہمارا فخر ہیں، پاکستان میں امن و استحکام کیلئے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن اور استحکام واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں ،ان کے سہولت کاروں اور اکسانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ریاست پاکستان کے سامنے سرینڈر کرنا ہوگا۔