صحافی کو سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں سے معلومات لینے کا حق ہے: جسٹس فائز عیسٰی
صحافی کو سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں سے معلومات لینے کا حق ہے: جسٹس فائز عیسٰی
سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں آزاد صحافت کا ذکر ہے، صحافی کے پاس سپریم کورٹ اور حکومت سمیت تمام اداروں سے معلومات لینے کا حق ہے۔
پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی کابینہ کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جج اور صحافیوں کے کام میں زیادہ فرق نہیں، ذمہ دارانہ صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے، جج اور صحافی سمیت ہر انسان کو ہی سچ بولنا چاہیے، سچ کی اہمیت اسلام سے پہلے بھی تھی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا بنیادی مقصد درست معلومات عوام تک پہنچانا ہے، سچائی اور رائے میں فرق ہے، جب رائے دینا ہو تو اس میں آئین و قانون کو دیکھنا ہوتا ہے۔ اکثر صحافی سچ اور اپنی رائے کو ایک ساتھ ملا دیتے ہیں، صحافی وہ ہوتا ہے جو تحقیقات کے بعد خبر دے، صحافی خبر اور رائے میں فرق بھول جاتے ہیں تاہم ہمارا میڈیا اب بہتر ہو رہا ہے۔