پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا
پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد فی کلو ایل پی جی 38 روپے97 پیسےمہنگی ہوگئی، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کے 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 459 روپے 85 پیسے مہنگا ہوکر 2 ہزار 833 روپے 49 پیسے کا ہو گیا۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 240 روپے 12 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کردیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔
دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے نے بھی ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا تھا۔