پرامن محرم کے اختتام پر امن کمیٹی لاہور کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا اہتمام سید مکرم عباس نقوی کی رہائشگاہ پر کیا گیا
لاہور (نامہ نگار) پرامن محرم کے اختتام پر امن کمیٹی لاہور کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا اہتمام سید مکرم عباس نقوی کی رہائشگاہ پر کیا گیا جس میں ڈی آئی جی آپریشن سید علی ناصر رضوی‘ ایس ایس پی سکیورٹی توقیر نعیم‘ ایس پی سٹی سلمان ظفر‘ ایس پی صدر سدرہ خان‘ انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز اور معروف عالم دین علامہ محمد حسین اکبر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ امن کمیٹی نے فرقہ واریت اور نفرت کو بھائی چارے میں بدلنے کی سوچ کو فروغ دیا ہے
جس کی وجہ سے آج معاشرے میں امن اور سکون ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن سید علی ناصر رضوی نے امن کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ آنے والی نسلیں ہم سے پرامن معاشرہ کی توقع رکھتی ہیں اور ایسا معاشرہ چاہتی ہیں جہاں پر قانون کی حکمرانی ہو۔ پروگرام کے میزبان سید عمار نقوی نے کہا کہ اسلام امن اور آشتی کا دین ہے۔ اگر ہم بطور مسلمان اس پیغام کو پھیلائیں تو کوئی وجہ نہیں ہمارا پیارا ملک امن کا گہوارہ نہ بنے۔ ہمیں اس وطن کو ہر سازش سے محفوظ رکھنا ہے۔ یہی ہماری زندگی کا مقصد ہے
کہ ہم اسلام کا بول بالا کریں اور اس کے نام پر بننے والے وطن سے ہر طرح کا انتشار ختم کریں۔ منہاج الحسین کے سربراہ علامہ محمد حسین اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن کمیٹی اور پولیس نے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہوئے قیام امن کو ممکن بنایا ہے۔ ہمیں بطور شہری ان کے ساتھ تعاون کرنے کے ساتھ ساتھ ہر اس اقدام کی راہ ہموار کرنا ہوگی جو امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو ترتیب دے۔ انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ ہر وہ قدم جو قیام امن اور بھائی چارے کی طرف اٹھے اس خیر کے پہلو نکلتے ہیں۔
امن کمیٹی بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے سید عمار نقوی اور دیگر دوست سید مکرم عباس نقوی بہت اچھے انداز سے انپی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ تقریب میں شرکت کرنے والی دیگر شخصیات میں مفتی سید عاشق حسین‘ آغا شاہ حسین قزلباش‘ حافظ اسد عبید‘ خرم نقوی‘ زکریا بٹ‘ رانا عبدالمنان‘ قاسم شاہ‘ نوبہار شاہ‘ قاسم علی قاسم‘ مولانا شکیل الرحمن ناصر شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر تمام ممبران امن کمیٹی اور دیگر اہم شخصیات کو ڈی آئی جی آپریشن سید علی ناصر رضوی نے ایوارڈ‘ سند اور سرٹیفکیٹ پیش کئے۔