ملکی سلامتی کے دفاعی اداروں اور سیاسی قیادت کو صورتحال کا فوری نوٹس لینا ہو گا،راجہ قمر الزمان
اسلام آباد( بیوروچیف)میڈیا کوآرڈینیٹر ہمراہ صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ قمر الزمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاست آزاد کشمیر بنیادی طور پر اپنے ملک پاکستان کا مضبوط دفاعی حصار ہے ۔آزاد کشمیر میں اس وقت فارغ العقل اور سوجھ بوجھ سے مبرا شخص متمکن ہوا ہے جس کے رویے اور بیانیہ سے ریاستی عوام میں افراتفری، بے چینی اور مایوسی پیدا ہوئی ہے۔
کشمیری کئی دہائیوں سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر میں ریاستی عوام کی قربانیوں کو تاریخی حیثیت حاصل ہے۔آزاد کشمیر کے لوگ مجاہدوں، شہداء،غازیوں کے وارث ہیں جنہیں گولہ باری اور میزائل کے نام پر ڈرایا نہیں جا سکتا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے اسلاف نے اس جنت نظیر کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔مقبوضہ کشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان ادھورا ہے۔ لائن آف کنٹرول کی اس پار مظلوم کشمیری ہم سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔
آج بھی مقبوضہ کشمیری کی مائیں بہنیں سبز ہلالی پرچم اوڑھے نکلتی ہیں جبکہ دوسری جانب تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے وزیراعظم نے اس وقت نہ صرف مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالا ہوا ہے بلکہ ریاست میں افراتفری کا ماحول پیدا کر کے بادشاہی نظام قائم کر رکھا ہے۔ ملکی سلامتی کے دفاعی اداروں اور سیاسی قیادت کو صورتحال کا فوری نوٹس لینا ہو گا