کراچی( آن لائن) محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے شہر میں شدید گرمی پڑے گی جبکہ گرم ہواوں کے سبب ہیٹ سٹروک کا بھی خدشہ ہے، جس کا پارہ 40 سینٹی گریڈ تک جانےکا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے پورے ملک میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ پارہ معمول سے بڑھ کر ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد گرمی کا پارہ 44 ڈگری تک محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شدید گرمی بڑھنے کے سبب ہیٹ سٹروک کا بھی خطرہ ہے جس کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی۔
دوسری جانب شہری حکومت کی جانب سے بھی ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے سرکاری ہسپتال کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ شہر میں 2015 کی ہیٹ سٹروک سے تقریباً 1400 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں بچے، بوڑھے اور عورتیں بھی شامل تھیں۔
142