لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے: بلاول
لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے: بلاول
لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات اب سب کو نظر آ رہی ہے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے لہٰذا بہتر ہوتا لیول پلیئنگ فیلڈکے معاملےکو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایڈریس کیاجاتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے لہٰذا الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے اصول واضح ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ سندھ میں ترقیاتی بجٹ استعمال کرنےکی اجازت نہ ہو اور دیگرصوبوں میں ہو، پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی اسکیموں پرکام جاری ہے، ڈیولپمنٹ سے متعلق وفاق اور تمام صوبوں میں لیول پلیئنگ فیلڈ ایک جیسی ہونی چاہیے، ترقیاتی فنڈز کے استعمال کیلئے روایت ایک جیسی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا شروع سےمطالبہ ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، نوازشریف نے واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے تو پیپلزپارٹی ویلکم کرےگی، ہم بھی اپنے کیسز کو فیس کرنےکے لیے تیارہیں، امید ہے نواز شریف بھی کیسز کا سامنا کریں گے جب کہ نیب کے کیسز پرانے ہیں اور چلتے آرہےہیں، نیب کیسز کا آئندہ الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
سابق وزیر خارجہ نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، عالمی برادری کب تک بھارت کے اس قسم کے اقدامات کو نظر انداز کرتی رہے گی؟ کینیڈا میں جو قتل کیا گیا ہے اس کے حوالے سے فارن آفس کو کھل کر بات کرنی چاہیے، کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی بلکہ دنیا بھر کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی، بھارت اب بدمعاش بن چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانا اچھا اقدام ہے، بینچ بنانے کی صوابدید اس وقت چیف جسٹس کی ہے لیکن کسی کواس سےکوئی غرض نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے، عوام کو غرض نہیں کہ قیدی نمبر فلاں فلاں ہے، عوام کو اس وقت ایک امید اور روڈ میپ کی ضرورت ہے، ہماری ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے دور میں کیسے ریلیف دے سکتے ہیں، پاکستان کے عوام کا مسئلہ مہنگائی ہےجو تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، ہم نے مہنگائی میں عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ہم نے تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ کیا، یہ عوام کا حق تھا، ہمارے دور میں کسان خوشحال تھے، آج ملک کو عوام دوست حکومت کی ضرورت ہے۔