37

سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرامن دھرنوں پر پولیس کریک ڈاؤن پر حکومت کو آئینہ دکھا دیا

سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرامن دھرنوں پر پولیس کریک ڈاؤن پر حکومت کو آئینہ دکھا دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) سابق وزیراعظم و صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرامن دھرنوں پر پولیس کریک ڈاؤن اور مظاہرین کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بوکھلاہٹ اور فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جائز حقوق کیلئے پر امن جدوجہد کرتے عوام اور سیکیورٹی کے اہم اداروں کو آمنے سامنے لا کھڑا کر دیا ہے۔

ریاست میں انارکی اور انتشار پھیلایا جا رہا ہے، گورننس کے دعویدار چند ماہ میں ہی مکمل بے نقاب ہو چکے ہیں۔ آزادکشمیرمیں بجلی بلات ودیگر عوامی مسائل پر راولاکوٹ، باغ، کوٹلی،مظفرآباد، نیلم اور میرپور ڈویژن میں جاری عوامی تحریک کے راہنماؤں،بلدیاتی کونسلرز اور دیگر کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے،ان کی گرفتاریوں کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے مارنا حکومتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ معزز اساتذہ کرام،معلمین قرآن،بلدیاتی نمائندگان کے بعد اب عام شہریوں پر طاقت کا استعمال کر کے جان بوجھ کر حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔

رات کی تاریکی میں ریاست بھر میں شہریوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں،چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، یہ عوام ہیں جو سب سے اولین ہیں، انتظامیہ پرامن مظاہرین کے خلاف من گھڑت مقدمات واپس لے ، گرفتار مظاہرین کو فوری طور پر رہا کرے اور مذاکرات سے مسائل کو حل کرے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم عوامی حقوق کا تحفظ ہر فورم پر کریں گے، ہمارا دوٹوک موقف ہے کہ گرفتار کیے گئے راہنماؤں کو فوری طورپر رہا کیا جائے اور چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کیا جائے.

اپنا حق مانگنا کوئی جرم نہیں، عوام کے تمام مطالبات جائز ہیں، ریاست میں ترقی کا کام روک دیا گیا ہے، کئی یزار ملازم مہینوں سے بغیر تنخواہ کام کر رہے ہیں ، اب بجلی بلات پر غیر ضروری ٹیکسز کا لگانا عوام سے زیادتی ہے۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ اب پی ڈی ایم کی دونوں جماعتوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ نہیں بلکہ یہ حکومتی مراعات کے عوض حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں