حکومت الیکشن میں دوہری شہریت والوں پر پابندی لگائے، کیپٹن عاصم ملک
اسلام آباد(بیورورپورٹ) ترجمان اوورسیز پاکستانیز کیپٹن(ر) عاصم ملک نے کہا ہے کہ اب جب کہ عام انتخابات کی امد امد ہےتو الیکشن کمیشن کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیےامیدواروں پر ایک شرط یہ بھی عائد کرنی چاہیے کہ وہ دوہری شہریت کے حامل نہ ہوں، اگر دوہری شہریت کے حامل افراد آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو الیکشن کمیشن انہیں پابند کرے کہ وہ دوسرے ملک کی شہریت منسوخ کریں اور پاکستان کی شہریت کو برقرار رکھ کر پاکستان آئیں اور انتخابات میں حصہ لیں، اس طریقہ کار سے دو پہلو اجاگر ہوں گے
ایک تو یہ کہ پاکستان سے محبت کرنے والے دوسرے ملک کے شہریت چھوڑ کر انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ وہ افراد جو دراصل پاکستانیت کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں لیکن اندر سے وہ مکمل طور پر غیر ملکی ہیں ان کا پردہ بھی چاک ہو جائے گا کیونکہ میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ ایسے افراد ضرور اس شرط کی وجہ سے بے نقاب ہوں گے اور وہ پاکستان کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کبھی بھی دوسرے ملک کی شہریت ترک نہیں کریں گے،
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ یہ ملک ہم پاکستانیوں کا ہے لہذا یہاں پر ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کا حق بھی صرف اور صرف پاکستانی شہریت کے حامل لوگوں کا ہے، دوسرے ملک شہریت رکھنے والے افراد عام انتخابات میں حصہ لینے کے بالکل بھی حقدار نہیں ہیں