جسے 4 لوگوں نے صادق امین قرار دیا اس نے اقتدار میں آکر ملک کا بھٹا بٹھادیا: نواز شریف
جسے 4 لوگوں نے صادق امین قرار دیا اس نے اقتدار میں آکر ملک کا بھٹا بٹھادیا: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بانی تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئےکہا ہے کہ جس کو 4 لوگوں نے صادق اور امین قرار دیا اس نے اقتدار میں آکر ملک کا بھٹا بٹھادیا، مجھے ہٹانےکا مقصد ایک شخص کو اقتدار میں لانا تھا جس کے پلے کچھ نہیں تھا۔
لاہور میں ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ہر چیز عوام کی پہنچ میں تھی، ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان بہت جلد دنیا کے ترقی یافتہ ملک میں شامل ہوجائےگا، 4 دن ترقی کے بعد ہم پھر 10 دن پیچھے چلے جاتے ہیں، یہ حادثے پہلے بھی کئی بار ہوئے، اب کس سےگلہ کریں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے جھوٹے کیس میں سزائیں پائیں، مریم نواز، شہباز شریف اور جو یہاں بیٹھے ہیں ان کے خلاف جھوٹے کیس بنائےگئے، جعلی کیسز اب ختم ہوگئے، جھوٹےکیسز بنانےکی کیا ضرورت تھی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزیراعظم کو نکال دیا، کہاں ہیں سزائیں، آج میری نااہلی بھی ختم ہوگئی ہے، کوئی قانون نہیں تھا، پتہ نہیں کہاں سے بلیک ڈکشنری آئی اور فیصلہ سنادیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں 10 روپے کلو سبزی ملتی تھی، 4 روپے کی روٹی تھی،ہم نے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، لوڈشیڈنگ ختم کرنا آسان کام نہیں تھا، چار سال میں لوڈشیڈنگ ختم کی،اپنے دور میں دہشت گردی ختم کی، کراچی میں امن کو بحال کیا، لاہور میں اورنج لائن اور میٹرو لائن کس نے بنائی، سی پیک پاکستان میں آیا، موٹر وے، شاہراہیں بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو اقتدار میں لانا تھا جس کے پلےکچھ نہیں تھا، جس کو 4 لوگوں نے صادق اور امین قرار دیا اس نے اقتدار میں آکر ملک کا بھٹا بٹھادیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نےکہا کہ انہیں کہا گیاکہ ان کو ضمانت نہیں دینا،کہا گیا انہیں باہر نہیں آنے دیں، ورنہ دو سال کی محنت ضائع ہوجائےگی، پانامہ سے اقامہ پر آگئے، اسے صادق اور امین قرار دیا گیا۔