پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا اعلان، بلاول نے عوام سے 10 وعدے کرلیے
پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا اعلان، بلاول نے عوام سے 10 وعدے کرلیے
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے 10 وعدےکرلیے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو شہید کی سولہویں برسی کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ اگر پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو سب سے پہلے ان کی حکومت ہر پاکستانی کی آمدنی کو دوگنا کرنےکا پروگرام دے گی اور 5 سال میں اس پر عمل درآمد ہوگا۔
بلاول نے اعلان کیا کہ تین سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی “بھوک مٹاو پروگرام” شروع کرےگی، ہر ڈویژن میں “یوتھ سینٹر” بنائیں گے، بینظیر انکم سپورٹ کی طرح کسانوں کے لیے “ہاری کارڈ” بنا کر دیں گے، حکومت بنائی تو مزدوروں کو “بینظیر مزدور کارڈ” بنا کر دیں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم حکومت میں آکر غربت مٹانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بڑھائیں گے، ملک بھر میں مفت علاج کا نظام بنائیں گے، حکومت بنائی تو غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے اور ہر بچےکی تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج بھی کچھ لوگ کچھ اور لوگوں کے کاندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر میڈیا پر چلنے والے ڈرامےکا جواب دیں گے، پارٹی لیڈر اور کارکنان الیکشن کی تیاری کریں، دما دم مست قلندر ہوگا۔
بلاول نے مسلم لیگ ن پر تنقیدکرتے ہوئےکہا کہ ہم 18 مہینے جن کے ساتھ اتحادی حکومت میں رہے، انہیں معیشت، دہشت گردی اور جمہوریت سے دلچسپی نہیں تھی، مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور دہشت گردی کے مقابلےکے لیے آپس کی لڑائیاں چھوڑنا پڑیں گی، ایک سیاست دان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنےکے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، عوام، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔