137

ڈی سی گوجرانوالہ سہیل ٹیپو کی موت خودکشی قرار

گوجرانوالہ: ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل ٹیپو کی پراسرار موت کی گتھی سلجھ گئی اور فارنزک رپورٹ میں موت کو خودکشی قرار دیا گیا ہے۔

دسمبر میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ تعینات ہونے والے سہیل ٹیپو کی گزشتہ ماہ گھر کے پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سہیل ٹیپو کی موت کی تحقیقات کے لیے آر پی او ملتان محمد ادریس کی سربراہی میں5 رکنی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے تحقیقات کے دوران فارنزک ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے تھے

ذرائع کے مطابق سہیل ٹیپو کی فارنزک رپورٹ میں موصول ہوگئی ہے جس میں ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فارنزک رپورٹ کے مطابق سہیل ٹیپو کی کلائی اور گردن پر لپٹی تار پر ڈپٹی کمشنر کے اپنے فنگر پرنٹس تھے جب کہ کمرے میں رکھی میز سمیت دیگر سامان اور دروازے کے لاک پر بھی سہیل ٹیپو کے فنگر پرنٹس پائے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ڈپٹی کمشنر سہیل ٹیپو کی موت صبح ساڑھے چار بجے ہوئی اور گلے کا پھندا ان کی موت کی وجہ بنا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق سہیل ٹیپو نے موت سے قبل آخری فون اپنی اہلیہ کو کیا تھا۔

سہیل ٹیپو کی موت کی تفتیش کرنے والی ٹیم کل حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو پیش کرے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں