سادہ اکثریت پر وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہونگے، نہ ملنے پر فیصلہ مشاورت سے ہوگا: شہباز
سادہ اکثریت پر وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہونگے، نہ ملنے پر فیصلہ مشاورت سے ہوگا: شہباز
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں اگر سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔
جیو نیوز کی عام انتخابات سے متعلق خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی قربانیوں سے دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہوگیا تھا، لیکن تین سال قبل بعض ایسے فیصلے ہوئے جس سے دہشت گردوں کو سر اٹھانے کا دوبارہ موقع ملا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،کل عوام اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کون سی پارٹی ملک میں حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف کےایک اورپروگرام کی طرف جانا ہوگا،ہمیں بڑے فیصلے کرنے ہوں گے، ایسے اثاثوں کو بیچنا چاہیے جو نقصان کر رہے ہیں۔
جیو نیوز کی عام انتخابات سے متعلق خصوصی نشریات میں جب شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ سادہ اکثریت ملی تو نوازشریف ورنہ آپ وزیراعظم ہوں گے؟
شہبازشریف نے مزید کہا کہ الیکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، ملک میں ہونے والے دھماکوں کا مقصد ہے کہ ووٹرز کو ڈرایا جائے تا کہ وہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں تین خواتین موجود تھیں،خواتین کا پہلا سینٹر ملتان میں مسلم لیگ ن نے قائم کیا، پنجاب میں ہزاروں خواتین کے لیے ووکیشن سینٹر قائم کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی بیماری سیریس تھی، ان کی بیماری پر اس وقت کی حکومت نے میڈیکل بورڈ بنایا تھا۔