خواہش ہے اتفاق رائے سے ایسی حکومت بنائیں جس سے سیاسی استحکام آئے: بلاول
خواہش ہے اتفاق رائے سے ایسی حکومت بنائیں جس سے سیاسی استحکام آئے: بلاول
پاکستان پیپزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کی الیکشن میں کامیابی پر ووٹرز اور سپورٹرز کو مبارک باد دی ہے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زداری نے جیو الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں ہے، ابھی تک مکمل نتائج نہیں آئے، وفاق ،بلوچستان اور پنجاب میں پیپلزپارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی، چاروں صوبوں کی زنجیر پیپلزپارٹی ہے۔
بلاول نے کہاکہ پاکستان کے عوام کا شکر گزار ہوں، بڑی تعداد میں عوام ووٹ ڈالنے کیلئے نکلے ، پیپلزپارٹی کے سپورٹرز اور ووٹرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔میں چاہوں گا کہ پیپلزپارٹی مل کر اتفاق رائے سے ایسی حکومت بنائے جس سےسیاسی استحکام ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے عوام کو کہا کہ میں نفرت و تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں، میں پرانی سیاست نہیں کرسکتا، ملک میں سیاسی استحکام لانا چاہتے ہیں، پہلے مکمل نتائج سامنے آجائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سی ای سی بلا کر مل کر اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، ملک کے مفاد میں ہے کہ سیاسی طور پر اتفاق پیدا کرنے کی کوشش کریں، جو ہونا تھا وہ ہو چکا ، سیاسی عدم استحکام کو ایڈریس کیے بغیر بننے والی حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے میں مشکلات ہوں گی۔
بلاول نے کہا کہ لاہور میں رات تک ہم بڑے مارجن سے جیت رہے تھے، صبح اٹھا تو دیکھا کہ ہم ہار چکے تھے، میں الیکشن سے مایوس نہیں ہوں،کم تیاری کے ساتھ پنجاب میں الیکشن مہم چلائی۔
اس کے علاوہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے بھی ہم سب کو مل کر کوشش کرنا پڑےگی ، کوشش ہوگی کہ کوئٹہ میں این آئی سی وی ڈی کا یونٹ کھلوادوں۔