ہمیں وفاقی حکومت نہیں لینی چاہیے، نواز کی قیادت میں لیگی اجلاس کے شرکا کی رائے
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شہبازشریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، سعدرفیق شریک ہوئے، اس کے علاوہ اعظم نذیرتارڑ، ایازصادق، احسن اقبال، رانا تنویر، سلمان شہبازاورملک احمدخان بھی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکا نے نوازشریف کو تجویز دی کہ ہمیں وفاقی حکومت نہیں لینی چاہیے، پنجاب میں ن لیگ اور آزاد اراکین کے ساتھ مل کر آسانی سے حکومت بنا سکتی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ اسحاق ڈار نے کہاکہ ن لیگ کی پنجاب میں آزاد اراکین کو ساتھ ملا کر تعداد 154 ہوگئی ہے۔
شرکا نے مزید کہا کہ ہمیں صرف پنجاب پر فوکس کرناچاہیے۔
ذرائع نے بتایاکہ کچھ شرکا کی رائے تھی کہ وفاقی حکومت لینے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، ریاست کوبچانےکی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مرکز میں ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم اور دیگر نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 79، پیپلزپارٹی 54، متحدہ قومی موومنٹ 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی ہے۔
نواز شریف نے ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار کیلئے نامزد کیا ہے۔