جی ڈی اے نے جلسہ نہیں مریدوں کا اجتماع کیا: شرجیل میمن
جی ڈی اے نے جلسہ نہیں مریدوں کا اجتماع کیا: شرجیل میمن
پیپلز پارٹی کا انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے دھرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔
رہنما پی پی شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے نے جلسہ نہیں مریدوں کا اجتماع کیا، پیپلز پارٹی کے مخالفین کو انتخابات میں بد ترین شکست ہوئی، جی ڈی اے یا اس کے اتحادی کسی ایک ضلع میں کامیاب نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اندھے اور بے وقوف نہيں ،سندھ میں جی ڈی اے پیپلز پارٹی کی مخالفت میں بنا ، یہ اتحاد ہر الیکشن میں بنتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جی ڈی اے سمیت دیگر مخالفین سے کوئی دشمنی نہیں، کسی جماعت سےبھی کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، احتجاج کرنے والی جماعتوں کے سربراہان میری نشست پر الیکشن لڑلیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسی کے جلسے میں پی پی قیادت کے خلاف غلط باتیں ہوں گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے، اگر آپ کی اتنی مقبولیت تھی تو آپ اتحادوں سمیت پیپلزپارٹی کا مقابلہ کیوں کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ جامشورو میں انتخابی نتائج کے خلاف دھرنے سے خطاب میں پیر پگاڑا کا کہنا تھاکہ آپ لوگوں نےنوٹ کیا ہوگاکہ میں الیکشن کے دوران کہیں نہیں نکلا اپنےگھر میں رہا، دوستوں نے کہا جلسہ کریں میں نے منع کر دیا اور کہا کہ جلسہ مفت میں نہیں ہوتا 8 سے 10 کروڑ خرچ ہوتے ہیں۔