118

جیو کے تمام چینلز کی بحالی کیلئے پیمرا نے صوبوں سے پولیس کی مدد مانگ لی

اسلام آباد: جیو کے تمام چینلز کی بحالی کے لیے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اپنے احکامات پر عملدرآمد کے لیے صوبوں سے پولیس کی مدد مانگ لی۔

پیمرا نے تمام کیبل آپریٹرز کو ہدایت کی تھی کہ 24 گھنٹے میں جیو کے تمام چینلز کو پرانی پوزیشن پر بحال کیا جائے تاہم اس پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا۔

جیو ٹی وی کی مختلف شہروں میں بندش پر صحافیوں کی عالمی تنظیم ‘کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس’ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے باوجود کیبل آپریٹرز نے احکامات کی تعمیل نہیں کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جیو کو کیبل ٹی وی پر بند کرنا معلومات کے حصول کے آئینی حق پر حملہ ہے

جیو نیوز کی کیبل پر غیراعلانیہ بندش پر پیمرا نے اپنی پریس ریلیز میں کہا تھا کہ اتھارٹی نے کسی بھی چینل کی بندش یا پوزیشن کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے، اس لیے کسی بھی لائسنس یافتہ ٹی وی چینل کی بندش پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اس حوالے سے پیمرا نے قوانین کی خلاف ورزی پر وطین ملٹی میڈیا لاہور، ورلڈ کال کیبل لاہور اور کراچی کے کیبل آپریٹرز کے لائسنسوں کی معطلی کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

جیو نیوز کی بندش کے حوالے سے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیو کو بند کرنے والے کیبل آپریٹرز کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں