62

بیرون ملک بھیک مانگنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ ضبط کیے جائیں، کیپٹن عاصم

بیرون ملک بھیک مانگنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ ضبط کیے جائیں، کیپٹن عاصم

اسلام آباد(بیورورپورٹ) اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان کیپٹن(ر) عاصم ملک نے حالیہ دنوں دبئی میں بھکاریوں کے روپ میں گرفتار ہونے والے پاکستانیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی میں حالیہ دنوں میں جن پاکستانیوں کی بھیک مانگتے ہوئے گرفتاری عمل میں آئی ہے اس سے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، ایسے پاکستانیوں کے نہ صرف پاسپورٹ ضبط کیے جائیں

بلکہ حکومت پاکستان ان کو قید کر کے کڑی سے کڑی سزا دے کیونکہ ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان اور اوورسیز پاکستانی بیرون ممالک میں بدنام ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزٹ ویزہ کے نام پر بیرون ممالک خصوصا عرب امارات اور دیگر عرب ممالک میں آنے والے پاکستانی یہاں آکر جو شرمناک حرکتیں کرتے ہیں اور بھکاریوں کے روپ میں مقامی لوگوں کو تنگ کرکے پاکستان کا نام بدنام کرتے ہیں

یہ ایک لمحہ فکریہ ہے، اس حوالے سے حکومت پاکستان کا کردار بھی مثالی اور موثر نہیں ہے کیونکہ حکومت پاکستان ہر ایرے غیرے کو پاسپورٹ اور وزٹ ویزا جاری کردیتے ہیں جبکہ اس حوالے سے مکمل معلومات اور مانیٹرنگ نہیں کرتے کہ یہ لوگ بیرون ملک کیا کرنے جارہے ہیں اور آیا کہ وہ سیروتفریح کے لیے جارہے ہیں، جرائم پیشہ سرگرمیاں انجام دینے یا بھیک مانگنے، کیپٹن(ر) عاصم ملک نے مزید کہا کہ بیرون ممالک خصوصا مڈل ایسٹ میں پاکستان کا نام بدنام کرنے والے یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں

اور میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ایسے افراد کی کڑی نگرانی کی جائے جبکہ ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کا پاسپورٹ ضبط کرکے ہمیشہ کے لیے کینسل کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے کا دھندا کرکے پاکستان کی بدنامی کا سبب نہ بن سکیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں