جارحیت پسند کو سزا دینے کا سپریم لیڈر کا سچا وعدہ پورا ہوگیا: ایرانی صدر
جارحیت پسند کو سزا دینے کا سپریم لیڈر کا سچا وعدہ پورا ہوگیا: ایرانی صدر
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل پر ڈرون حملوں کے بعد کہا ہے کہ جارحیت پسند کو سزا دینے کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا سچا وعدہ پورا ہوگیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کےجارحانہ اقدامات کےجواب میں آپریشن جائز تھا، اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پر جوابی آپریشن دفاع کےحقوق کےدائرہ کار میں تھا۔ اتحادی ممالک جارح حکومت کی اندھی حمایت بند کریں۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب نے ایران کی تاریخ میں نیا باب رقم کیا، پاسداران انقلاب نے صیہونی دشمن کو سبق سکھا دیا۔
ایرانی صدر نے بتایا کہ ایرانی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں اسرائیل کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، دفاعی اقدام اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کے جواب میں کیا گیا، اسرائیل خود کو کسی بین الاقوامی اصول، اخلاق اور انسانی قانون کا پابندنہیں سمجھتا۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ 6 ماہ سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے، اسرائیل علاقائی امن اور سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہے، ایرانی مفادات کے خلاف کسی بھی نئی مہم جوئی کا زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
ادھر اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کی اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی جارحیت کا جواب ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 300کے قریب ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ تہران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی فضائی اڈے کو خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا۔