نیلم میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،میاں عبد الوحید
نیلم(سردار اورنگزیب سے) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امورمیاں عبد الوحید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نیلم میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ نیلم کی عوام نے گزشتہ دہائیوں میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوانوں کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ نیلم کی ترقی کیلئے”جشن نیلم“ کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے
۔نیلم کی ترقی اور اسکی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے یوم نیلم کے موقع پر تمام مکاتب فکر مل جل کر اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید ایڈوکیٹ نے یوم نیلم کی تین روزہ تقریبات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ضلعی آفیسران /آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کے ددوران کیا
۔ اس سے پہلے وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید ایڈوکیٹ کو ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود نے جشن نیلم تقریبات کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں یوم نیلم کی 3 روزہ تقریبات کا شیڈول جاری کیاگیا۔ تقریبات 12 سے 14 مئی تک جاری رہیں گی۔ 12 مئی کو تقریبات کا افتتاح، کرکٹ ٹورنامنٹ، نیلم کو درپیش چیلنجز/ نیلم کی سیاحت کے عنوان پر سیمینار اور صوفی نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا
، 13 مئی کومحفل نعت اور محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب 14 مئی کو آٹھمقام کالج گراونڈ میں منعقد کی جائے گی۔ مرکزی تقریبات میں رنگا رنگ ثقافتی و مقامی پروگرامات کے علاوہ محکمہ جات کی جانب سے مختلف اشیاء کے نمائشی سٹالز لگائے جائیں گے۔ رنگا رنگ تقریبات کیلئے شیڈول ترتیب دیدیاگیاہے۔اجلاس سے مقامی کمانڈنگ آفیسر آصف رشید، ایس پی خواجہ صدیق احمد، چیئرمین ضلع کونسل غلام مجتبیٰ مغل،وائس چیئرمین ضلع کونسل نثاراحمد خان،آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ مفتی خالد حسین،
علامہ حمیدالدین برکتی،ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ افتخار احمد، صدر پریس کلب نیلم جاوید اسداللہ،نواز ناصر، سلطان پیرزادہ،چیئرمین ولی فاؤنڈیشن زرداد خان نے جشن نیلم کے حوالہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں ضلعی آفیسران سمیت ڈسٹرکٹ کونسلرز اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔جشن نیلم کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے جوش وجذبہ سے کام کرنے کاعزم کیاگیا۔