ملک بھر میں جھلسا دینے والی گرمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا
ملک بھر میں جھلسا دینے والی گرمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا
ملک بھر میں آگ برساتا سورج، لو کے تھپیڑے اور جھلسا دینے والی گرمی کے ساتھ شہریوں کے لیے لوڈشیڈنگ دوہری اذیت بن گئی ہے۔
ملک بھر میں چلچلاتی دھوپ اور جھلسا دینے والی گرمی میں موئن جو دڑو 53 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا۔
دادو میں درجہ حرارت 51، نواب شاہ، سکھر اور سبی میں 50، جیکب آباد، ملتان، ڈیرہ غازی خان میں 49، ڈیرہ اسماعیل خان میں 48، بہاولپور اور تربت میں 47، مٹھی اور سرگودھا میں 46، فیصل آباد، ساہیوال، جہلم، بنوں، حیدرآباد، سکھر اور نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
اٹک میں درجہ حرارت 44، اسلام آباد اور مٹھی میں 47 اور پشاور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
لاہور میں 43 ڈگری کی گرمی 45 اور کراچی میں 35 ڈگری کی گرمی 40 ڈگری کی محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات نے کراچی میں 29 سے31 مئی تک گرمی بڑھنےکی پیش گوئی کی ہے، اس دوران شہر میں پارا 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتاہے۔
شدید گرم موسم میں ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18، 18 گھنٹے تک پہنچ گیا، دن ہو یا رات بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے بچے، بزرگ، نوجوان اور خواتین سب ہی پریشان ہیں۔
بجلی نہ ہونے سے مختلف شہروں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے، شدید گرمی سے ہیٹ اسٹروک، ڈائریا اور گیسٹرو کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، شہریوں کا شکوہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی میں کمی آتی جارہی ہے۔
کراچی میں شدید گرمی کےدوران مختلف علاقوں میں بدترین اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔
اورنگی، کورنگی، ملیر، گڈاپ، قائدآباد، کیماڑی اور لیاری میں 12سے 14گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، شادمان، حیدری،گارڈن اور جمشید کوارٹر کےاطراف بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
نیوکراچی، سرجانی، پٹیل پاڑہ، لائنز ایریا میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ جہاں بجلی کی چوری ہے یا بلوں کی ادائیگی نہیں وہاں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے شہروں چارسدہ اور نوشہرہ میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے باعث چارسدہ میں دریائے کابل کے پل پرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ نوشہرہ میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور رشکئی موٹر وے انٹر چینج بلاک کر دیا۔
مظاہرین کاکہنا تھا کہ سخت گرمی میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
جیکب آباد میں بھی شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف پریس کلب کےباہر احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جارہا ہے، شدید گرمی میں بھی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا حرام کر دیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان حیسکو کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ میرپورخاص، حیدرآباد اور نواب شاہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔