یہ انتخابات سرینگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر قابض بھارتی حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں،چوہدری پرویز احمد وڑائچ
مظفرآباد ( بیوروچیف)سینئر ممبر بورڈ آف انوسٹمنٹ آزاد جموں وکشمیر چوہدری پرویز احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ انتخابات میں مقبوضہ کشمیر سے دو سابق وزرائے اعلیٰ کی ہار نے ہمارے اصولی موقف کی تائید کی ہے کہ بھارت کے زیر انتظام ہونے والے انتخابات کسی صورت رائے شماری کا بدل نہیں ہو سکتے۔
جموں و کشمیر پر بھارتی اقتدار جبر اور استعماریت کی بدترین شکل ہے۔ ایک اسیر کشمیری نے بھارتی جیل میں قید ہوتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر اور سابق وزیر مملکت برائے خارجہ کو شکست دے کر ثابت کیا کہ جس شخص اور چیز پر بھارتی لیبل ہو گا جموں و کشمیر کے عوام اسے ذلت آمیز صورت حال سے دوچار کریں گے۔ بھارت ہوش کے ناخن لے کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا ان کا پیدائشی حق خودارادیت دے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ بھارتی انتخابات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت نواز نام نہاد لیڈروں کو مسترد کر دیا۔ سابق کٹھ پتلی وزراء اعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، غلام نبی آزاد اور سجاد غنی لون جیسے خود ساختہ لیڈر عام آزادی پسند کشمیریوں سے بری طرح ہار گئے
۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی دہلی جیل میں بے گناہ قید کشمیری راہنما انجینئر عبد الرشید کے ہاتھوں سابق وزیر اعلی مقبوضہ کشمیر اور سابق بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عمر عبداللہ کی شکست دراصل دو نظریات کا مقابلہ تھا۔ عبد الرشید نے کشمیریوں کی بھارت سے آزادی کی جدوجہد کے نام پر انتخاب لڑا جبکہ شیخ عمر عبداللہ بھارت سے الحاق پر انتخاب لڑرہا تھا۔
دنیا نے دیکھا کہ مقبوضہ کشمیر والوں نے عمر عبداللہ سمیت تمام بھارت نواز کشمیریوں کو مسترد کر دیا اور عبد الرشید سمیت دیگر آزادی پسند لیڈروں کو اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ انتخابات سرینگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر قابض بھارتی حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ کھلے دل کا مظاہرہ کرے اور کشمیریوں کے اس غیر اعلانیہ ریفرنڈم کو تسلیم کر تے ہوئے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دے تاکہ جنوبی ایشاء میں امن اور ترقی کا دور شروع ہو۔