اعلانات کا قائل نہیں عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے،وزیراعظم چوہدری انوار الحق
عباسپور(پی آئی ڈی) 11 جون 2024 آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اعلانات کا قائل نہیں عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے، وسائل کے اندر رہتے ہوے عوام کے لیے آنے والا ایک ایک روپیہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا، کرپشن اور لا پروائی اب کسی صورت نہیں چلنے دیں گے
، عباسپور کی عوام کے پاس خود چل کر اس لیے آیا ہوں کہ یہاں کے مسائل سن سکوں اور انکے حل کے لیے کوشش کر سکوں، صرف اعلانات کر کے لوگوں کو مطمئن کرنا میری عادت نہیں جو ہو گا زمین پر نظر آئے گا اور کام خود بولے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق امید وار اسمبلی سردار امجد یوسف کی جانب سے دئیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔
اس موقع پر وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور،چوہدری قاسم مجید،انصر ابدالی، عامر الطاف،جاوید بڈھانوی،میاں وحید،جاوید ایوب،پیر سید مظہر سعید شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امجد یوسف سے وعدہ کیا تھا جب بھی عباسپور آیا آپ کے پاس ضرور آؤنگا امجد یوسف ہمیشہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں رہتے ہیں سیاسی کارکن کی یہی پہچان ہے کہ وہ کسی بھی جماعت کا ہو اپنے عوام کی بہتری کی سوچ رکھتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے لیے سستی بجلی اور سستے آٹے سمیت تمام اشیاء کو غریب کی پہنچ میں لا رہے ہیں ریاست کے پاس وسائل محدود ہیں اس کے باوجود میں اور میری ٹیم عوام کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں یہ آزادی کا بیس کیمپ ہے
یہاں افرا تفری کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ پونچھ کے مسائل ترجیحات میں شامل ہیں عباسپور سمیت پورے پونچھ کے سیاسی نمائندگان ہمارے لیے قابل احترام ہیں انکی رائےکا احترام کریں گے انکے مسائل میرے مسائل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی اور عباسپو پہلے ایک ہی حلقہ تھایہاں کے مسائل مشترک ہیں لائن آف کنٹرول پر ہونے کے باعث دیگر حلقوں کی نسبت یہاں تعمیر و ترقی کم ہوئی ہے موجودہ حکومت پوری کوشش کرے گی
کہ جو علاقے پسماندہ رہ گئے ہیں انکو ترجیحات میں شامل کر کے انکی تعمیر و ترقی ممکن بنائے، وزیر حکومت میاں وحید نے کہا کہ عباسپور شہداء اور غازیوں کی سر زمین ہے یہاں کے غیور عوام نے تحریک آزادی کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے انکے مسائل ریاست اس لیے ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی پابند ہے کہ یہ لوگ تحریک آزادی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں
اور انہوں نے تحریک کو کبھی کمزور نہیں ہونگے دیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امید وار اسمبلی سردار امجد یوسف نے کہا کہ عباسپور کو سب سے پہلے نیابت کا درجہ چوہدری صحبت علی نے دیا جس کے بعد یہاں تعمیر و ترقی شروع ہوئی عباسپور کو سب ڈویژن کا درجہ سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور نے دیا اور یہاں پر جو بھی تعمیر و ترقی ہوئی ہے وہ چوہدری مجید کے دورہ حکومت میں ہوئی ہے
ہم موجودہ حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ عباسپور کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی اور موجودہ دور میں عباسپور کے مسائل حل ہونگے اور یہاں کی عوام کا احساس محرومی ختم ہو گا۔اس سے پہلے جب وزیراعظم عباسپور پہنچے تو سابق مشیر سردار امجد یوسف نے کارکنوں کے ہمراہ وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا ۔