جتنا تعاون آج حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان ہے پہلے کبھی نہیں دیکھا: وزیراعظم
جتنا تعاون آج حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان ہے پہلے کبھی نہیں دیکھا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جتنا تعاون حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان آج ہے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی مسائل کےحل کے لیے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور سپہ سالار بھی مشاورت میں شامل ہیں، تمام امور پر سیاسی حکومت اور ہمارے ادارے یکسو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آج سنگین معاشی حالات ہیں جن کا ذکر سپہ سالار نے بھی کیا ہے، حافظ قرآن سپہ سالار کی جامع گفتگو ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہداء کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، 9 مئی سے زیادہ دلخراش واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، وہ جو پاکستانی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس لبادے میں دشمنی کر رہے ہیں ان کو پہچاننا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ معاشرے میں تقسیم در تقسیم کا خاتمہ کرائیں، پاکستان کو قومی یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، علماء سے لائق طبقہ کوئی نہیں جو امن کا پیغام لے کر چلے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب آدمی کے بجلی بل میں کمی لانے کی پوری کوشش ہو رہی ہے، پاور سیکٹر میں میری دن رات میٹنگز ہوتی ہیں، آئی ایم ایف کے پروگرام میں خوشی سے نہیں جارہے ، یہ مجبوری ہے، خدا کرے یہ آئی ایم ایف کا ہمارا آخری پروگرام ہو۔