16 اگست شہادت بی بی پاک یا عرس مبارک؟ صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف نوٹس لیں
اسلام آباد( بیوروچیف)پیر ہاؤس بری امام سرکار رح سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں چراغ بری امام و جانشین امام پیر سید حیدر علی گیلانی کا کہنا تھا کہ 16 اگست بمطابق 13 صفر دختر امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے اور اسی دن عرس بری امام سرکار کی تقریب کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے
جو کہ نہایت ہی غیر مناسب ہے۔ پیر صاحب نے اس موقع پر اعلی حکام جن میں صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کو ان ایام سے ہٹ کر انعقاد پذیر کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ پیر صاحب نے اعلی حکام کی توجہ اس طرف بھی مبذول کرائی کہ دیکھا جائے کہ کیوں مئی جو عرس کا اصل مہینہ ہے، میں عرس نہ کرایا گیا؟ کیوں اس بار بھی محرم و سفر کو ہی چنا گیا؟ کیا
اس سے استحکام پاکستان اور پیام پاکستان کے میسج کو ٹھیس نہ پہنچے گی؟ کیا اس سے اتحاد امت کی کوششوں کا نقصان نہ پہنچے گا؟ آج نہیں تو کل کیا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے گا؟ پیر صاحب نے مزید کہا کہ ہم سارا سال لوگوں کو ایک اللہ کی رسی کو پکڑنے کی ترغیب دیتے ہیں اور ایسی سوچ کے حامل افراد پل بھر میں اپنی اثر و رسوخ کے بل بوتے پر ہماری کوششوں کو سبوتاژ کر دیتے ہیں