حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 3 افسران سمیت 8 فوجی ہلاک
حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 3 افسران سمیت 8 فوجی ہلاک
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
اسرائیلی فوج نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران اسرائیلی فوج کے 3 کیپٹن سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران اسرائیل فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل فوج کی لبنان میں زمینی راستے سے داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی اور اس دوران اسرائیلی فوج کو بھاری جانی نقصان بھی ہوا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بھی اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے منتقل کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اپنی فوج کی ڈویژن 98 جوکہ 10 سے 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے اسے لبنان کی سرحد پر تعینات کر رکھا ہے اور اسرائیل نے لبنان میں زمینی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
اسرائیل نے لبنان پر کئی روز کی شدید ترین فضائی بمباری کے بعد پیر کو لبنان پر زمینی حملہ کیا تھا۔
زمینی حملے کے آغاز میں اسرائیل نے سرحدی علاقوں کو توپ خانے اور ٹینکوں سے ٹارگٹ کیا تھا۔
گزشتہ دنوں اسرائیل کے زمینی کے حوالے سے حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم نے کہا تھا کہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد بھی حزب اللہ کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان میں اضافہ ہوگا، اگر اسرائیل لبنان میں زمینی کارروائی کرتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
حزب اللہ کے عبوری سربراہ نے مزید کہا تھا کہ اسرائیل اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا اور ہم جیتیں گے جس طرح ہم 2006 کی لڑائی میں اسرائیل سے جیتے تھے۔