132

کراچی: پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نذر آتش

کراچی: پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں نذر آتش

کراچی میں 12 مئی کو حکیم سعید گراؤنڈ پر جلسے کرنے کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کا تصادم ہوگیا۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق دونوں پارٹیوں کے کارکنان نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور کیمپس اکھاڑ دیے جبکہ تصادم کے نتیجے میں دو گاڑیاں اور کئی موٹر سائیکلیں نذر آتش کردی گئیں۔

حکیم سعید گراؤنڈ میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جبکہ کشیدہ صورت حال کے باعث یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک بھی معطل ہوگیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق پہلی ترجیح صورت حال پر کنٹرول پاناہے، تصادم میں کتنے افراد زخمی ہوئے فوری طور پر نہیں بتاسکتے۔

تقریباً ایک گھنٹے بعد رینجرز کی بھاری نفری یونیورسٹی روڈ پہنچی اور پولیس کے ساتھ مل کر صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششیں شروع کیں البتہ گاڑیوں کو لگائی جانے والی آگ کو بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں نظر نہیں آئیں۔

صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے حکیم سعید گراؤنڈ جارہا ہوں، سہیل انور سیال
اس حوالے سے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ وہ خود صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے حکیم سعید گراؤنڈ جارہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے پی پی پی کے کیمپ پر حملہ کیا جس کے بعد جھگڑا بڑھا۔

پی پی پی کارکنوں نے براہ راست فائرنگ کی، علی زیدی کاالزام
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ہم پر براہ راست فائرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم خاموشی سے کیمپ میں بیٹھے تھے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے پتھراؤ کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فیصلہ واوڈا نے کہا کہ سعید غنی سے کہا کہ انا کا مسئلہ نہیں، ہم سب مل کر اس صورت حال کو بہتر کرسکتے ہیں۔

فیصلہ واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو یہ کام نہیں کرنا چاہیے تھا، ظلم اور تشدد کی سیاست اب ختم ہوجانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت 10 منٹ کے لیے آجائے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

پی ٹی آئی والوں نے داداگیری کا انداز اپنایا، سعید غنی
دوسری جانب پی پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے داداگیری کا انداز اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے زبردستی تین دنوں سے وہاں کیمپ لگایا ہوا تھا، تحریک انصاف نے اعلان مزار قائد کا کیا اور کیمپ یہاں لگا دیا۔

سعید غنی نے کہا کہ تحریک انصاف نے تین دن سے غیر قانونی طور پر کیمپ لگایا تھا، کسی بھی جماعت کو جلسہ کرنا ہے تو قانون کی پیروی کرنی ہوگی۔

ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف والوں کو سمجھنا چاہیئے کہ انصاف کیا ہے، کل یہاں اتنے لوگ ہوں گے کہ تحریک انصاف کو سمجھ آجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اکثر اعلان کرکے یوٹرن لے لیتے ہیں۔

آج پی پی پی، پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آگیا، علی رضا عابدی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا کہ سندھ حکومت سے ایک جلسہ کی اجازت کا معاملہ نہیں سنبھل رہا اور سمجھتے ہیں کہ کراچی پر قبضہ کرلیں گے، آج ان کا اصل چہرہ سامنے آگیا، یہ ایک دوسرے کو برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد کوگرفتار کیا جائے جنہوں نے علاقے میں کشیدگی اور خوف پھیلایا گیا، پیپلزپارٹی کے کچھ رہنما اشتعال بڑھانے کے لیے آئے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زور زبردستی قبضہ کرنا پیپلزپارٹی کا بھی وتیرہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہد نے پی ٹی آئی اور پی پی پی کارکنان کے درمیان تصادم کا نوٹس لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے حکیم سعید گراونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت بھی لی ہے، وہاں پی ٹی آئی کا قبضہ کرکے سیاست کرنا مناسب نہیں۔

دونوں جماعتوں کا حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان
12 مئی کو دونوں جماعتوں کی جانب سے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تاہم ڈپٹی کمشنر شرقی نے پی پی پی کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے کوئی درخواست نہیں دی جب کہ پیپلز پارٹی نے 4 مئی کی شام درخواست دی تھی۔

تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں 12 مئی کے جلسے کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے تشہیری مہم بھی شروع کردی گئی تاہم جلسے کے مقام پر دونوں جماعتوں میں تنازع دیکھنے میں آیا ہے۔

تشہیری مہم میں دونوں جماعتوں نے 12 مئی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے تحریک انصاف نے گراؤنڈ میں کیمپ بھی لگا دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بھی جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے حکیم سعید گراؤنڈ کا دورہ کیا۔

12 مئی کو ہر حال میں جلسہ ہوگا، خرم شیر زمان
تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ 12 مئی کو ہر حال میں حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا جب کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ 3 مئی کو ڈپٹی کمشنر سے معلومات کے بعد ہی 12 مئی کو جلسے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے اس سے قبل عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں 29 اپریل کو لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا تھا جس کے جواب میں ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں نے 5 مئی کو اسی مقام پر مشترکہ جلسہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں