اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے مکالمے میں کہا کہ آپ سمجھتے ہیں عدالتیں دشمن ہیں، عدلیہ عوام اور سرکار کی دوست ہے
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے شناختی کارڈ کے فیس میں اضافے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ ‘کیا احسن اقبال تشریف رکھتے ہیں’ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ وہ موجود ہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ احسن اقبال بڑے غصے میں دکھائی دے رہے ہیں، آپ بلانے پر ناراض تو نہیں ہوئے جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ناراض ہو کر کہاں جانا ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔
چیف جسٹس سے مکالمے کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ آپ کے تبصرے بہت اہم ہیں، آپ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی تصویر پر بھی ازخود نوٹس لیا ہے، میں بھی آج ایک عوام کے مفاد کے مسئلے کی شکایت کروں گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 7 سال قبل نارووال میں لڑکوں اور لڑکیوں کا کالج بنانا چاہا لیکن بوائزکالج بن گیا اور گرلز کالج کے معاملے پر ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کیا۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کل کیس لے آئیں ہم اسے حل کرتے ہیں، آپ نے پہلی دفعہ نوٹس میں لایا ہے پہلے نوٹس میں آتا تو کچھ کرتے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں عدالتیں دشمن ہیں، عدالتیں عوام اور سرکار کی دوست ہیں، آپ اپنے مقدمے کی فائل لے کر آجائیں
[c5ab_title c5_helper_title=”” title=”سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف دینے سے متعلق رپورٹ طلب” transform=”normal” class=”” icon=”fa fa-none” link=”” id=”” ]
سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف دینے سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی اور چیف جسٹس نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر حال میں ریلیف دیا جائے، وہ بے تحاشہ زرمبادلہ پاکستان لے کر آتے ہیں اور ملک سے محبت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ دو ہفتوں تک نائیکوپ کی فیس کا معاملہ کیبنٹ سے منظور کرالیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے یہ یقینی بنانا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے، ہم مقامی لوگوں کو بھی بالکل تنگ نہیں کرنا چاہتے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی آمدن زیادہ ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ مقامی طور پر دی جانے والی سبسڈی بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی دی جائے۔
نائیکوپ فیس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔