عمران کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے، سعد رفیق
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 میں دوبارہ گنتی کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کردیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کا گنتی رکوانے کی درخواست پر ردعمل میں کہنا ہے کہ عمران خان کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے
انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی رُکوانے سے واضح ہوگیا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے، عمران جھرلو وزیراعظم اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ہوگی۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران کو 680 ووٹوں سے جیتا ہوا بتایا گیا تھا لیکن 2835 مسترد ووٹوں اور صرف 5 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی میں عمران کے 117 ووٹ کم ہوچکے۔
عمران کی دوبارہ گنتی رُکوانے کے لئے بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ھے
دوبارہ گنتی رُکوانے کے عمل سے واضح ھو گیا دال میں کالا نہیں ساری دال ھی کالی ھے
عمران جھرلو وزیر اعظم اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ھو گی
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) August 8, 2018
ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کو مکمل نظرانداز کردیا گیا ہے اور مجھے نئے قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 131 میں عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو 680 ووٹوں سے شکست دی تھی۔
عمران خان نے مجموعی طور پر 84313 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ ان کے مد مقابل امیدوار خواجہ سعد رفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر (آر او) سے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس میں عمران خان کی کامیابی برقرار رہی تھی تاہم ان کی کامیابی کا مارجن کم ہو کر 608 رہ گیا تھا۔