پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری میں حکمران جماعت کا ہاتھ ہے اور جب ان کو بند گلی نظر آتی ہے تو جمہوریت یاد آتی ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں احتجاج کے طور پر مینار پاکستان پر ہاتھ کے پنکھے جھلنے والے لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پاسکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی منافقت کی سیاست نہیں کرتی لیکن یہ لوگ ایشوز کو حل کرنے کے بجائے ان پر سیاست کرتے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے گڑھی خدا بخش میں بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی اداروں میں تصادم نہیں چاہتے اور خواہش ہے کہ ہر کام آئین اور قانون کے مطابق ہو تاہم نگران حکومت کے لیےکوئی نام نہیں دے سکتے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری میں حکمران جماعت کا ہاتھ ہے اور جب ان کو بند گلی نظر آتی ہے تو جمہوریت یاد آتی ہے، جوابدہی کے عمل سے یہ لوگ بھاگ رہے ہیں