گھوٹکی/میرپورماتھیلو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا وہ ہمیں ووٹ نہیں دیں گے لیکن انہوں نے سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین کے لیے ہمیں ووٹ دیا اور ابھی تو ان کے انگوٹھے سے ہماری انک تک نہیں سوکھی۔
میرپورماتھیو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف اپنی کوتاہیاں چھپانے کے لیے جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن جہوریت کوکوئی خطرہ نہیں، نوازشریف یہ چاہتے ہیں کہ جو بھی ہو بس وہ بچ جائیں، وہ چاہتے ہیں کسی نہ کسی طریقے سے سسٹم درہم برہم ہو۔
انہوں نے کا کہا کہ عمران خان منافقت اور جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے لیکن سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین کے لیے ہمیں ووٹ دیا اور ابھی عمران خان کے انگوٹھے سے ہماری انک تک نہیں سوکھی۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کی میئر شپ اور کے ایم سی ایم کیوایم کے پاس ہے، مراد علی شاہ نے ایم کیوایم کی مخالفت کے باوجود کراچی کو اونر شپ دی، اب ایم کیوایم والے آپس میں لڑرہے ہیں کوئی کام نہیں کررہے جب کہ وہ خود کچھ کرتے ہیں نہ کرنے دیتے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ کراچی میں تشدد کی سیاست کے پیچھے کون تھا سب کو پتا ہے، کراچی کو پہلی بار اس الیکشن میں وہ آزادی ملے گی کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کرسکیں جب کہ میں بھی الیکشن کے لیے تیار ہورہا ہوں سب جماعتوں کے خلاف الیکشن لڑرہا ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کا نعرہ تھا کہ ہم لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے، جب سردی تھی اور بجلی کی ضرورت نہیں تھی تو یہ کہتے تھے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا لیکن جیسے ہی سورج باہر آیا لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی۔
حکومت کی ایمنسٹی اسکیم سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ اسکیم نہیں پڑھی لیکن لگتا ہے یہ لوگ پاناما ایمنسٹی اسکیم دے رہے ہیں اور اپنے آپ کو بچانا چاہتے ہیں۔
گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو
اس سے قبل گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمارے مخالفین امیروں کی سیاست کرتے ہیں، ان کے لیے ٹیکس اسکیم دیتے ہیں اور امیروں کا ٹیکس، قرضے معاف کرتے ہیں جب کہ پی پی شہید بھٹو سے لے کر آج تک غریبوں کے لیے کام کرتی ہے، شہید بھٹو نے وڈیروں سے زمین چھین کر غریب کسانوں کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پی آئی اے، اسٹیل مل اور قومی ادارے چھین کر اپنے دوستوں اور حواریوں کو دے رہے ہیں، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تاکہ غریب عورتوں کو مدد ملے لیکن یہ لوگ ان کا حق کھارہے ہیں اور اس پروگرام کو ختم کررہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے عمران خان سے متعلق کہا کہ عمران خان عجیب قسم کی سیاست کررہے ہیں، وہ کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں، سندھ کے جس وزیراعلیٰ کو کرپشن پر نکالا گیا وہ خان صاحب کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔