جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ: پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی لاہور میں رہائش گاہ پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ جج کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں اور معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے۔
پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے اور ترجمان پی ٹی آئی نے الزام لگایا ہے کہ رانا ثناء اللہ اور سعد رفیق اس قسم کی وارداتوں کا تجربہ اور مہارت رکھتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ واقعے کا فوری مقدمہ درج کیا جائے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خیال رہے کہ لاہور میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ عدالتی اعلامیے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب اور آج صبح پیش آیا۔
واقعے کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش گاہ پہنچے اور وہ اس معاملے کی نگرانی خود کررہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر کے گیراج سے نائن ایم ایم پستول کی گولی کا سکہ (اگلا حصہ) ملا ہے جسے فرانزک تجزے کے لیے لیب بھجوادیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنا شروع کردی جب کہ اطلاع ملنے پر رینجرز، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی تحقیقات کے لئے جائے وقوع پہنچ گئے۔