تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں آج سیاسی پاور شو کریں گی
آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے مختلف شہروں میں پنڈال سجا لیا جہاں قائدین شرکاء سے خطاب کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما خطاب کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ آج کا جلسہ تاریخی ہوگا اور یہ اسی طرز کا جلسہ ہوگا جس طرح تحریک انصاف پہلے اسی مقام پر طاقت کا مظاہرہ کرچکی ہے۔
جلسے میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے قافلے روانہ ہوگئے جب کہ پارٹی چیئرمین عمران خان لاہور میں ہی موجود ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز جلسہ گاہ پہنچ کر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
جلسہ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شرکاء کے بیٹھنے کے لئے گراؤنڈ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
تحریک انصاف کے جلسے کیلئے ٹریفک پلان جاری
تحریک انصاف کے مینار پاکستان میں جلسے کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی جب کہ رنگ روڈ، لوئر مال روڈ اور آؤٹ فال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شاہدرہ چوک سے پرانا راوی پل بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، شہری آمد و رفت کے لیے رنگ روڈ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مال روڈ سے شاہدرہ جانے والی ٹریفک آؤٹ فال روڈ، سگیاں پل سے جا سکے گی، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والی گاڑیاں گریٹر اقبال پارکنگ محکمہ جنگلات، ناصر باغ، موچی گیٹ اور کشمیری گیٹ پارک کی جاسکیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق غلط پارک گاڑیوں کے لیے 18 لفٹرز، 2 بریک ڈاؤنز اور 4 ٹریفک اسکواڈز بھی تعینات ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کا کراچی میں جلسہ
پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے علاقے لیاقت آباد ٹنکی گروانڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے جس کے لیے مختلف شاہراہوں پر بڑے بڑے پینافلیکس آویزاں کیے گئے ہیں۔
جلسہ گاہ میں قائدین کے بیٹھنے کے لئے 120 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا جارہا ہے جب کہ شرکاء کے بیٹھنے کے لئے گراؤنڈ میں 30 ہزار کرسیاں لگائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
جلسے سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شام 6 بجے خطاب کریں گے جب کہ دیگر رہنما بھی جلسے میں شریک ہوں گے اور کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جلسے میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کے 6 اضلاع سے لوگ ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
جلسے گاہ میں جانے کا وقت شام 4 بجے مقرر کیا گیا ہے اور داخلے کے لیے تین دروازے بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب جلسے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاہم سیکیورٹی اہلکاروں سمیت ہزار سے زائد پیپلز پارٹی کے رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
علاوہ ازیں پنڈال کے اندر ایس ایس یو کے اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ ضلع وسطی کے 1400 پولیس اہلکار و افسران بھی سیکیورٹی خدمات انجام دیں گے۔
افسران میں ایک ایس ایس پی، 4 ایس پیز اور 9 ڈی ایس پیز شامل ہیں، 100 لیڈی سرچرز بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی۔
جلسے میں شرکت کے لیے ایف سی گروانڈ سمیت 6 مختلف مقامات کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں 100 پولیس موبائلیں علاقے کے گشت پر مامور ہوں گی۔
دیگر سیاسی جماعتوں کے جلسے
مردان میں متحدہ مجلس عمل دوبارہ بحالی کے بعد اپنا پہلا جلسہ کرے گی جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی بھی سیاسی طاقت کے مظاہرے کے لیے آج جلسہ کرے گی جس کے لیے دیربالا میں پنڈال سجایا گیا ہے، جلسے سے پارٹی صدر اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی سمیت دیگر رہنماوں کا خطاب متوقع ہے۔
دوسری جانب صوابی میں قومی وطن پارٹی کا جلسہ ہوگا جس میں پارٹی چیئرمین آفتاب خان شیرپاؤ خطاب کریں گے۔
“تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں آج سیاسی پاور شو کریں گی” ایک تبصرہ