مجرمان اشتہاریوں،ڈاکوؤں،منشیات فروشوں اورجرائم پیشہ ملزمان کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں، ڈی پی اوقصور
قصور(مقصود انجم کمبوہ بیوروچیف )ڈی پی اوقصورزاہد نواز مروت نے کہا کہ مجرمان اشتہاریوں،ڈاکوؤں،منشیات فروشوں اورجرائم پیشہ ملزمان کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں، ضلع میں ہر صورت قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں سرکل چونیاں کے ایس ایچ اوز کیساتھ میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے
کیا۔ڈی پی اوقصور نے مزید کہا کہ پولیس کا کام عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنانا،امن و امان کے مستقل قیام سمیت جرائم کی بیخ کنی اور مجرمان کا قلع قمع کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ڈاکوؤں،مجرمان اشتہاریوں،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کیا جائے۔
ڈی پی اوقصور نے میٹنگ کے دوران فرداًفرداًتمام پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اہم اور سنگین مقدمات کو زیر بحث لایا گیا، زیر تفتیش مقدمات کو جلد میرٹ پر یکسو کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈی پی اوقصور نے رمضان المبارک کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ رمضان المبارک کے دوران حکومتی احکامات کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی.