صوبائی وزیرزراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کورونا ویکسین لگانے کا باقاعدہ افتتاح
خانیوال (سعید احمد بھٹی) وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھرپور کوشش سے ضلع خانیوال میں کورونا ویکسین لگانے کا کام شروع ہو گیا ۔صوبائی وزیرزراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کورونا ویکسین لگانے کا باقاعدہ افتتاح کیا
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی ،اراکین صوبائی اسمبلی فیصل اکرم خان نیازی ،ملکہ شاہدہ احمد حیات،ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سید مصدق حسین شاہ، ضلعی صدر پی ٹی آئی مہر عمران پرویز دھول ،چیئرمین فرٹیلائزر اینڈ ایگریکلچر پنجاب مسعود اختر اعوان ایڈوکیٹ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز سمیت دیگر محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی موجودگی میں فرنٹ لائن ورکر محمد اشرف ڈسپنسر کو کرونا ویکسین لگائی گئی
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان سے کورونا وائرس کے جڑ سے خاتمہ کے لیے انتہائی سنجیدہ ہے تاکہ عالمی سطح تک پھیلنے والی وباء سے عوام کو جلد نجات دلائی جا سکے انہوں نے ویکسین لگوانے والے ڈاکٹرز اور عملہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری اور قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں ۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت کورونا وائرس ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کےفرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی
انہوں نے کہا کہ جان لیوا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی پالیسی اور ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیوز ہسپتالوں کے فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جائے گی ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز نے بتایا کہ ضلع خانیوال کے لیے کورونا ویکسین کی 580 ڈوزز موصول ہوئی ہیں جنہیں انتہائی نگہداشت سے استعمال میں لایا جائے گا اور فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے بعد ان کی صحت کی بھرپور دیکھ بھال کی جائے گی