یہ ملک ہم نے بڑی جدوجہد اور ماؤں بہنوں بھائیوں کی قربانیوں کے ذریعے حاصل کیا ہے،میاں محمد حیات کھگہ
خانیوال(سعیداحمد بھٹی)مرکزی چئیرمین انجمن محبان وطن پاکستان پیر میاں محمد حیات کھگہ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم نے بڑی جدوجہد اور ماؤں بہنوں بھائیوں کی قربانیوں کے ذریعے حاصل کیا ہے ہمیں 14 اگست کے روز سوچنا ہےکہ ہم نے وطن کو کیا دیا ہے کیونکہ آج ہر شخص اس سوچ میں گم ہے کہ وطن نے اس کو کیا دیا.آج اگر مغربی ممالک عوام کو اچھی زندگی اور پرامن ماحول دینے میں کامیاب ہیں تو پہلے یہ بھی ناکام تھے جب ان کی آزادی کی پہلی صدی تھی.جیسے ہمارے وطن کو آزاد ہوئے 74 سال گزر ے ہیں اس لیے دلوں میں گھبراہٹ اور منفی کمزور سوچ مت پالیے
کہ ہم نے جلد وہ منزل حاصل کرلینی ہے جس کا خواب اقبال نے دیکھا اور جس کی تعلیمات انہوں نے دی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے جو زریں اصول دیے قوم اس پر کار بند نہیں رہ سکی بیرونی اور اندرونی سازشوں نے ریاست کے اندر ریاست کی غلط روش کو قوم قبیلہ فرقہ اور زبان کے ذریعے تقسیم کیا اور لوگوں کو انتشار و افتراق کی راہ پر چلا دیا ان حالات میں پاک فوج کے مدبرانہ اور دلیرانہ فیصلوں نے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے سرحدوں کے اندر اور بارڈر پر اپنی مثالی جدوجہد اور آپریشنز سے ملک دشمن نان سٹیٹ ایکٹرز اورریاست کے اند ر ریاست بنانے والوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور قربانیوں کی تاریخ رقم کی جانثاری کا یہ عہد ریاست کو خاکم بدہن بے
وجود ہونے کے خوف سے باہر لایا قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر آج محفوظ و مامون ہے پاک فوج کی عظمت وتوقیر کی بنا پر ہم قیامت ومحشر صغیر جیسے حالات سے نکل آئے اور امن نے خوشحالی کی راہ دکھائی۔پیر میاں محمد حیات شاہ کھگہ نے کہا کہ میرے اجداد نے تحریک پاکستان میں سرگرم حصہ لیا اور اس خطے سے پیر بڈھن شاہ کھگہ کو یونیسٹ پارٹی کے مقا بلے میں فتح ملی اور یوں ایک وراثت ہمیں ملی ہے کہ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم نے تحریک پاکستان کے بعد مطلوب تعمیر پاکستان کا فریضہ سر انجام دیں جو نظریے کی سطح پر ہم انجمن محبان وطن پاکستان کے پلیٹ فارم سے ممکن بنا رہے ہیں اور تحریک پاکستان سے شروع کی گئی جدوجہد کو کھگہ خاندان کا بچہ بچہ قوم کے بہتر مستقبل کے لیے نبھاتا رہے گا