121

سکھ یاتریوں کی خصوصی ٹرینوں کے ذریعے حسن ابدال سے ننکانہ صاحب آمد

لاہور: بیساکھی کے تہوار میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔

ریلوے اسٹیشن پر ڈپٹی کمشنر ملک عبدالوحید، چیئرمین بلدیہ ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

سکھ یاتریوں کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں اسپیشل بسوں کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان پہنچا دیا گیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو حسن ابدال میں گوردوارہ پنجاب صاحب میں سکھ یاتریوں سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔

تاہم پاکستانی دفتر خارجہ نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی بھارتی کوشش قابل مذمت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت میں سکھوں کے مذہبی رہنما بابا گرونانک کے حوالے سے متنازع فلمیں ریلیز ہونے پر سکھ برداری کے لوگ سراپا احتجاج تھے، لہذا سیکیورٹی صورتحال بگڑنے کے خدشے کے تحت سیکریٹری متروکہ وقف املاک بورڈ نے بھارتی ہائی کمشنر کو آمد مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا مذہبی مقامات سے متعلق پاک-بھارت طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر لگانا حیران کن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے خود 2 بار پاکستانی زائرین کو خواجہ غریب نواز کے عرس میں شرکت کے لیے ویزے نہ دے کر اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں