ایم کیوایم کے 14 منحرف رہنماؤں کیخلاف فاروق ستار کا ریفرنس خارج
کراچی: الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کی جانب سے ایم کیوایم کے 14 منحرف سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف دائر ریفرنس خارج کردیا۔
ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 14 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف گزشتہ سال الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا جس میں انہیں ڈی سیٹ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
جیونیوز کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے فاروق ستار کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنسز پر سماعت کی اور ایم کیوایم پاکستان کے منحرف سابق قومی وصوبائی اسمبلی کے اراکین کے خلاف ریفرنسز خارج کردیئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریفرنسز اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے اور فاروق ستار کی کنوینر شپ ختم ہونے پر خارج کیے گئے۔
فاروق ستار کی جانب سے آصف حسنین ،سفیان یوسف، سلمان بلوچ، شیراز وحید، ارم عظیم فاروقی، بلقیس مختار، عارف مسیح بھٹی، ندیم رضی، ارتضیٰ’ خلیل کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے ریفرنسز دائر کیے تھے۔
اس کے علاوہ محمود عبدالرزاق، دلاورخان، خالد بن ولایت اور ہیروسوہو کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیے گئے تھے۔