کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر عبدالرؤف صدیقی کے ولیمے کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
57 سالہ رؤف صدیقی کے ولیمے کی تقریب گزشتہ رات عائشہ منزل ایف بی ایریا میں منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں رشتہ داروں اور دوست احباب کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی منظور وسان، پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا، پاک سرزمین پارٹی کے انیس قائمخانی، انیس ایڈوکیٹ، ڈاکٹر صغیر، وسیم آفتاب، افتخار رندھاوا، نیک محمد اور سیف یار خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
تقریب ولیمہ میں پاک سر زمین پارٹی کے انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار سے بھی ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر استقبال کیا۔
رؤف صدیقی رواں ماہ کے آغاز میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
ان کا نکاح مکہ مکرمہ میں شیخ صالح زین العابدین الشیعبی نے پڑھایا تھا۔
رؤف صدیقی اگست 2013 میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
اس سے قبل وہ 2002 سے 2013 کے دوران بھی رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ اس دوران وہ سندھ کابینہ کے رکن بھی رہے۔