معروف اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں فلم ‘ایکٹر اِن لاء’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
کراچی میں منعقد ہونے والے 4 روزہ پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا اختتام اتوار کے روز ایوارڈز گالا کی شام کے ساتھ ہوا۔
اس موقع پر پاکستان کے شوبز ستاروں سمیت بین الاقوامی فلم نگری کی دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں شوبز اسٹارز نے خوب رنگ جمائے اور پاکستانی فلم نگری کے نئے دور کو خوب سراہا۔
ایواڑز گالا نائٹ میں مہوش حیات کو فلم ’ایکٹر اِن لاء‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مہوش حیات مصروفیت کی وجہ سے تقریب میں شرکت تو نہ کرسکیں لیکن انہوں نے مداحوں سے انسٹاگرام پر ایوارڈ کی تصویر شیئر کی اور شکریہ بھی ادا کیا
انہوں نے لکھا، ’ایوارڈ وصول کرنا میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ میرے مداحوں کی محبت ہے‘۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ‘فلم میں مینو اسکریو والا کا کردار نبھانا میرے لیے فخر کا باعث تھا، یہ ایک ایسا کردار تھا جس میں ایک پاکستانی پارسی لڑکی اپنی کمیونٹی کے لیے آواز اٹھاتی ہے اور خواتین کے حقوق کے لیے کھڑی ہوتی ہے، خاص طور پر ایک ایسے معاشرے میں جہاں مردوں کو فوقیت دی جاتی ہے’۔
اس موقع پر انہوں نے فلم ساز اور پوری ٹیم سمیت مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ وہ سب کے فخر کو برقرار رکھیں گی۔
تقریب کے دوران ہانیہ عامر کو فلم ‘جانان’ کے لیے بہترین ڈیبیو اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔