لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے اعتراف کیا ہےکہ حکومت کو خادم حسین رضوی کی گرفتاری میں مشکلات ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری میں مشکلات ہیں، اگر انہیں گرفتار کرتے ہیں تو فیض آباد دھرنے جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ لاہور میں دھرنا قیادت سے بات چیت کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے کہ اس مرتبہ دھرنا اسلام آباد تک نہیں جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت خادم رضوی اور پیر افضل قادری کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرچکی ہے جب کہ عدالت نے گزشتہ روز انہیں اشتہاری بھی قرار دیا ہے